اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی صورتحال میں اتوار کو بحرانی کیفیت شامل ہونے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلے کاروباری سیشن کےدوران شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔
پیر 4 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ ہے جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کےایس ای 100 انڈیکس میں 1000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ 2 فیصد گرنے کے بعد44 ہزار کی نفسیاتی حد کے قریب پہنچ گئی لیکن مذکورہ سطح پر مزاحمت دیکھی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 3.7 فی صد کی ریکوری آئی تھی جس کی وجوہات اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ابہام کا خاتمہ اور عالمی مارکیٹ میں کموڈٹیز کی قیمتوں میں کمی تھی۔
اتوار کو سیاسی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے اور اس ضمن میں پاک امریکہ تعلقات بھی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث سرمایہ کار گھبراہٹ کا شکار نظر آرہے ہیں۔
اسٹاک سرمایہ کاروں کی نظریں سپریم کورٹ پر مرکوز ہیں اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے اثرات اسٹاک مارکیٹ میں بھی دیکھے جائیں گے۔