سندھ: پیر سے لمپی اسکن ڈیزیز کی مفت ویکسینیشن ہوگی
سندھ میں لمپی اسکن سے بچاؤ کیلئے گائیں کی ویکسینیشن مہم پیر سے شروع ہوگی، ترکی سے 11 لاکھ خوراکیں کراچی پہنچ گئیں، ویکسینیشن مہم میں ایک ہزار ملازمین (جن میں ویٹرنری ڈاکٹرز، ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل اسٹاف شامل ہے) حصہ لیں گے، 29 لاکھ مزید خوراکیں جلد کراچی پہنچ جائیں گی۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ہفتے کو 66 گائیں لمپی اسکن سے متاثر ہوئی ہیں جس کے بعد کراچی میں متاثر جانوروں کی تعداد 17 ہزار 753 ہوچکی ہے، شہر قائد میں 5 ہزار 532 گائیں صحتیاب ہوچکیں، جبکہ 12 ہزار 180 گائیں صحتیابی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور اب تک 41 گائیں ہلاک ہوچکی ہیں۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں ہفتے کو 299 گائیں متاثر ہوئی ہیں، سندھ بھر میں اب تک 32 ہزار 725 گائیں لمپی اسکن بیماری کا شکار ہوچکی ہیں، 17 ہزار 581 بیماری سے ریکور ہوگئی ہیں اور 14 ہزار 822 گائیں ریکوری کے عمل سے گزر رہی ہیں، صوبہ بھر میں اب تک لمپی اسکن سے مرنے والی گائیں کی تعداد 322 ہے اور یہ بیماری اب تک صرف گائیں میں موجود ہے، بھینسیں اس بیماری سے محفوظ ہیں۔
ڈی جی محکمہ لائیو اسٹاک ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ سندھ میں لمپی اسکن سے بچاؤ کیلئے گائیں کی ویکسینیشن مہم پیر سے شروع ہوگی، مہم کیلئے ترکی سے 11 لاکھ خوراکیں کراچی پہنچ گئیں، اتوار کے روز سندھ کے تمام اضلاع میں گائیں کی تعداد کے حساب سے ویکسین تقسیم کی جائے گی، جن اضلاع میں یہ بیماری نہیں آئی وہاں بھی ویکسین مہیا کی جائے گی، ویکسینیشن کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ویکسینیشن مہم میں ایک ہزار ملازمین (جن میں ویٹرنری ڈاکٹرز، ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل اسٹاف شامل ہے) حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کو ہر ضلع میں ویکسین موجود ہوگی اور پیر سے ویکسینیشن مہم شروع کردی جائے گی، یہ ویکسین حکومت سندھ کی جانب سے صحتمند گائیں کو مفت لگائی جائے گی، جو گائے بیمار ہوکر تندرست ہوچکی ہیں انہیں یہ ویکسین لگانے کی ضرورت نہیں، صحتیاب ہونے والی گائیں میں لائف ٹائم امیونٹی بن چکی ہے۔
ڈی جی لائیو اسٹاک نے بتایا کہ جو گائیں اس بیماری سے متاثر نہیں یہ ویکسین ایسی گائیں کو لگائی جائے گی تاکہ وہ بیماری سے محفوظ رہیں، سندھ میں کوئی 90 لاکھ کے قریب گائیں موجود ہیں، ان میں سے 10 سے 20 لاکھ نیچرل انفیکشن کے ذریعے پروٹیکٹ ہوجاتی ہیں، 32 ہزار متاثرہ گائیں وہ ہیں جو علامات ظاہر کررہی ہیں، کچھ ایسی ہوں گی جن میں علامات نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 40 لاکھ گائیں کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ رکھا ہے جس کیلئے مزید 29 لاکھ خوراکیں جلد کراچی پہنچ جائیں گی، اس طرح ہم مطلوبہ امیونٹی حاصل کرلیں گے۔