وزارت اعلیٰ پنجاب: علیم خان گروپ کی حمزہ شہبازکی حمایت
علیم خان گروپ نے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتا تھا کہ ميں خوش ہوں يہ تحريک عدم اعتماد لائے آج چھپنے کی کوشش کررہا ہے۔ دوسری جانب ترین گروپ کے 3 اراکین نے پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ناراض رہنماء علیم خان سے ملاقات کی، جس میں ن لیگ دیگر رہنماء بھی شامل تھے، اس موقع پر علیم خان گروپ نے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کردیا، ملاقاتن میں علیم خان گروپ کے 10 اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز شریف نے عمران خان اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے الزام تراشي کےعلاوہ کچھ نہيں کيا، عمران خان کہتا تھا ميں خوش ہوں يہ تحريک عدم اعتماد لائے، آج چھپنے کی کوشش کررہا ہے، 50 لاکھ گھر نہيں بنے، لوگوں کی جھونپڑياں بھی گراديں۔
مزید جانیے: وزارتِ اعلیٰ کیلئےحمایت،حمزہ شہباز ترین گروپ کے مشکور
ان کا کہنا تھا کہ عمران نيازی اپنا بندوبست کرلو، گھر چلے جاؤ، يہ اپوزيشن کی نہيں عوام کی کامیابی ہوگی، کل ہماری تحريک عدم اعتماد کامياب ہوگی، ترين گروپ اور عليم خان گروپ ہمارے ساتھ ہیں، ہم نے پاکستان کو خوشحال ملک بنانا ہے، عمران خان نے بولا سونامی لاؤں گا، سونامی تباہی کا نام ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پيپلزپارٹی والے اتحادی ہیں، مل کر فيصلے کريں گے، وزارت اعلیٰ بہت چھوٹا مقصد ہے، ہم نے ميثاق جمہوريت کيا، غلطيوں سے سبق سيکھا، سياسي حريف ايک دوسرے کے دوست بن سکتے ہيں۔
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کے 3 اراکین نے چوہدری پرویز الٰہی کی حمايت کا اعلان کرديا، اراکين ميں سید رفاقت علی گیلانی، عبدالحئی دستی اور امیر محمد خان شامل ہيں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی اپنے اراکین کو پرویزالٰہی کوووٹ دینے کی ہدایت
رفاقت علی گیلانی کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی بڑے بھائی ہيں، ان کی حمایت کرتا ہوں۔ عبدالحئی دستی نے چوہدری پرویز الٰہی کو بہترین امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ووٹ دوں گا جبکہ امیر محمد خان کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کیلئے ترین گروپ کے دوسرے اراکین سے بھی ووٹ مانگوں گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفیٰ کے بعد آج حکمراں اتحاد کے متفقہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اور اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے جبکہ پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کل ہوگی۔