شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ جاری
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دوسرے فریق کو سنے بغیر درخواست پر کوئی حتمی حکم جاری نہیں کرسکتے، شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہیں کہ وہ اپنا جواب جمع کرائیں۔
حکومت کی جانب سے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے اسپیشل سینٹرل کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی جس پر عدالت نے اپنا فیصلہ جاری کردیا۔
اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج اعجاز حسین اعوان نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے 25 مارچ کا حکم واپس لینے کی استدعا کی، شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست آج نہیں 4 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر ہے۔
عدالت کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہیں کہ وہ اپنا جواب جمع کروائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور قانون و انصاف فواد چوہدری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں کی منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے۔