وزارتِ اعلیٰ کیلئےحمایت،حمزہ شہباز ترین گروپ کے مشکور

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ترین گروپ کےساتھ آج دوسری ملاقات ہوئی اور انھوں نے وزارت اعلیٰ پنجاب کے لیے حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں ترین گروپ کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےحمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کو کرپشن کی آماج گاہ بنادیا گیا اور حکمران خود مافیا بنے بیٹھے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) عددی اکثریت پوری کرچکی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب بن کر صوبے کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
حمزہ شہباز نےدعویٰ کیا کہ ہم ووٹنگ والے دن سرپرائز دیں گےاور ہمارا سرپرائزعمران خان کی طرح کا جھوٹا نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ ہفتے کوترین گروپ کی حمزہ شہباز سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں فیصل جبوانہ،امیرمحمد خان اور اجمل چیمہ شریک تھے۔ ان کے علاوہ سعیداکبرنوانی، مہراسلم بھروانہ اورسلمان نعیم بھی شریک ہوئے۔اس ملاقات میں زوار وڑائچ،نعمان لنگڑیال، چوہدری امین، قاسم لنگا بھی ملاقات موجود تھے۔
طاہررندھاوا،عبدالحئی دستی،رفاقت گیلانی اورغلام رسول سنگھا نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ بلال وڑائچ اورنذیرخان بلوچ نے بھی حمزہ شہبازسےملاقات کی۔