قوم کو مبارک باد، فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور قانون فواد چوہدری نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرکے پیر کو فیصلہ آج جائے گا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیر نے لکھا کہ قوم کو مبارک ہو ! آج شہباز شریف کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرکے سوموار کو دلائل کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔ انشاللہ سوموار کو ضمانت منسوخی پر فیصلہ آ جائے گا۔
قوم کو مبارک ہو ! آج شہباز شریف کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر کے سوموار کو دلائل کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے انشاللہ سوموار کو ضمانت منسوخی پر فیصلہ آ جائے گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 2, 2022
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتیں منسوخ کرانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے آج ہی متعلقہ عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ن لیگ کے سربراہ میاں محمد شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز ایف آئی اے کے دو مختلف کیسز میں نامزد ہیں۔
لاہور کی نیب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر شہباز شریف کو 4 اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ لاہور کی نیب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور اُن کے بیٹے حمزہ شہباز کیخلاف اسپیشل پراسکیوٹر کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر آج بروز ہفتہ 2 اپریل کو سماعت کی تھی۔
آج ہونے والی سماعت میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست پر عدالت نے کچھ دیر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سماعت 4 اپریل تک منسوخ کردی۔
ایف آئی اے پراسکیوٹر کے مطابق شہباز شریف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سےفواد چوہدری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فواد چوہدری کو وزیر قانون کا اضافی قلمدان سونپا گیا۔
اس سے قبل یہ وزارت ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فروغ نسیم کے پاس تھی جنہوں نے تحریک عدم اعتماد میں حزب اختلاف کا ساتھ دینے کے پارٹی فیصلے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
شہباز شریف کو جاری نوٹس pic.twitter.com/50w0VpgdXP
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 2, 2022