استعفیٰ منظور مگر عثمان بزدار بدستور وزیراعلیٰ رہیں گے
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزيراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور کرليا تاہم عثمان بزدار بدستور وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
گورنر پنجاب نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب تک عثمان بزدار کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدارکااستعفی منظور،پنجاب اسمبلی کااجلاس طلب
عثمان بزدار نے 28 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
عثمان بزدار کے استعفیٰ کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 اپریل (ہفتہ) کو طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس کل صبح 11 بجے شروع ہوگا، نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
مزید جانیے: وزارتِ اعلیٰ پنجاب،حمزہ اورپرویزمیں مقابلہ ہوگا
وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کے استعفیٰ کے بعد موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا، انہوں نے تاحال اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔
عثمان بزدار نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک نگراں وزیراعلیٰ کے طور پر کام کرتے رہیں گے، گورنر ہاؤس نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔