قوم غصے میں لیکن وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے، گورنرسندھ
گورنر سندھ عمران اسماعیل کہتے ہیں کہ پہلے اپوزیشن کہتی تھی خط دکھایا جائے جب بلایا تو آئے نہیں، قوم اس وقت غصے میں ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا نتیجہ کچھ بھی ہو، قوم اس وقت غصے ميں اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، جو سندھ ہاؤس جاتا ہے، اس کا ضمير جاگ جاتا ہے، مجھے سمجھ نہيں آتا یہ لوگ اپنے گھر والوں کا کيسے سامنا کریں گے؟، قوم ان کے خواب پورے نہیں ہونے دیگے۔
انہوں نے کہا کہ لکھ کر دے سکتا ہوں پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا معاہدہ شارٹ ٹرم ہوگا، صرف پیپلزپارٹی کو فائدہ ہوگا۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پہلے کہتی تھی کہ غیر ملکی خط دکھایا جائے، اس کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا جس میں اپوزیشن کو بھی بلایا گیا تاہم وہ نہیں آئے، اپوزیشن کے کئی سرکردہ رہنماء اس سازش سے آشنا ہیں، اسی لئے انہوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں اس کا علم ہے۔