وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب مؤخر کردیا
فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج قوم سے خطاب مؤخر کردیا۔ پی ٹی آئی سینیٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، عمران خان جیت چکے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب کرسکتے ہیں۔
سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج قوم سے خطاب مؤخر کردیا ہے، ان کی کئی اہم میٹنگز ہیں جس کے باعث خطاب مؤخر کیا گیا، وہ جیت چکے ہیں، اب خطاب کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خطاب مؤخر کرنے کا خود فیصلہ کیا، خطاب ریکارڈ نہیں ہوا تھا، ان کی کافی مصروفیات ہیں، مجھے بھی میٹنگ میں واپس جانا ہے، صرف اتنا ہی بتانے آیا تھا، حکومت جا نہیں رہی، پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یہ بازی جیت رہے ہیں، وہ ڈٹ کر کھڑے ہیں، ووٹنگ ابھی ہونی ہے، جب ووٹنگ ہوتی تو اپوزیشن کو لگ پتہ جائے گا، وہ اپنے نمبر پورے نہیں کرپائے گی۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا گیا اور نہ ہی وہ ایسا کررہے ہیں، قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، بیرونی سازش کو مل کر ناکام بنانا ہے۔
دھمکی آمیز خط سے متعلق سوال پر فیصل جاوید نے کہا کہ اس خط میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ اگر تحریک کامیاب ہوگئی اور عمران خان کو ہٹادیا گیا تو سب کچھ معاف ہوجائے گا، اگر نہیں ہٹاتے تو پاکستان کیلئے اس کے خطرناک نتائج ہوں گے، یہ پاکستان اور آزاد خارجہ پالیسی پر حملہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی ملک کے ساتھ خراب تعلقات نہیں چاہتے لیکن پاکستان اپنے مفادات کے مطابق کام کریگا یہی عمران خان کی آزاد خارجہ پالیسی ہے، کچھ حلقے ہیں جنہیں یہ آزاد پالیسی قبول نہیں ہے، یہ لوگ ان کے ساتھ مل کر سازش کررہے ہیں جو ناکام ہوچکی ہے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ اگر خط کے تمام مندرجات سامنے لے آئیں تو اس سے انہیں بے انتہاء فائدہ ہوسکتا ہے اور اپوزیشن اس سے تباہ و برباد ہوجائے گی لیکن یہ پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں ہوگا اس لئے عمران خان وہ خط سامنے نہیں لارہے۔