شہبازشریف کا وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ
شہباز شریف نے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔ کہتے ہیں کہ امید تو نہیں لیکن چاہتے کہ عمران خان جمہوریت روایت کی پاسداری کریں۔
شہباز شریف کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھیوں اور ورکروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی خواہشات کو سامنے رکھ کر اس اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں، انہوں نے مذاکرات اور مشاورت کے عمل میں کھلے دل و ذہن کے ساتھ ماضی کو ایک طرف رکھتے ہوئے نئے سفر کا آغاز کیا ہے، یہ سفر پاکستان، سندھ اور کراچی کی ترقی و خوشحالی کا ہے۔
مزید جانیے: ایم کیو ایم پاکستان کا متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے نائب صدر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے خود ہی استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہے سلیکٹڈ ہی ہو، جمہور کا طریقہ اور روایت ہے کہ اگر وہ عددی اکثریت کھو بیٹے ہیں تو ایک نئی ریت اور روایت قائم کریں اور استعفیٰ دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بات بہت حد تک مکمل ہوگئی، ایک دو نکات پر بات جاری ہے، وہ بھی جلد حل ہوجائیں گے، معاہدہ قائم رہے گا اور اس پر عمل بھی ہوگا، 22 کروڑ عوام کا مقدمہ متحدہ اپوزیشن، بی اے پی اور ایم کیو ایم لڑنے جارہی ہے۔