پاکستان میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے مفت کورس کا آغاز

لرن ٹیک اور امازون ویب کا مشترکہ پروگرام
Mar 29, 2022

لرن ٹیک ڈاٹ پی کے نے پاکستان میں امازون ویب سروسز کے ساتھ مل کر اے ڈبلیو ایس (امازون ویب سروسز) ری اسٹارٹ پروگرام کے ذریعے کلاؤڈ کمپیوٹنگ مہارت کی ترقی اور ملازمت کی تربیت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

اے ڈبلیو ایس ری اسٹارٹ بارہ ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام ہے جس میں کلاؤڈ کی بنیادی اسکلز کے ساتھ پریکٹیکل کیریئر اسکلز کا بھی احاطہ کیا جائے گا، جس میں انٹرویو لینا، سی وی لکھنا شامل ہے تاکہ ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کو ابتدائی لیول کے کلاؤڈ رول کیلئے تیار کیا جاسکے، یہ پروگرام پاکستان میں پہلی بار پیش کیا جارہا ہے جس کے پہلے گروپ کا رواں ماہ آغاز ہوچکا ہے۔

فوربز کی تحقیقات کے مطابق ایڈوانس کلاؤڈ اور سیکیورٹی اسکلز کی پہلے سے کہیں زیادہ طلب ہے تاہم صنعت کی ترقی اور جدت میں مدد کیلئے ہنر مند اور پیشہ ور افراد کی کمی ہے، کلاؤڈ اسکلز ٹریننگ گیم چینجر ثابت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق اس پروگرام میں بیروزگار اور ایسے کم آمدن افراد کو شامل کیا جارہا ہے جو اس سے قبل ایسے پروگرام میں مفت رسائی حاصل نہیں کرسکتے تھے، طلبہ لینکس، پائتھون، نیٹ ورکنگ، سیکیورٹی اور متعلقہ ڈیٹا بیس کی اسکلز سیکھ سکتے ہیں۔

یہ پروگرام تربیت حاصل کرنیوالوں کیلئے اے ڈبلیو ایس سرٹیفائیڈ کلاؤڈ پریکٹشنر کا امتحان دینے کا بھی احاطہ کرتا ہے، جس کے باعث انہیں کلاؤڈ اسکلز کو تسلیم شدہ سند بھی میسر ہوگی۔

یہ پروگرام 2025ء تک عالمی سطح پر 29 ملین افراد کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی اسکلز مفت میں بڑھانے میں مدد کرنے کیلئے امازون کی کوششوں کا حصہ ہے۔

لرن ٹیک کے بانی نور علی تیجانی کا کہنا ہے کہ ہمیں اے ڈبلیو ایس ری اسٹارٹ پروگرام شروع کرنے پر فخر ہے۔ اے ڈبلیو ایس میں ایجوکیشن پروگرام کے ڈائریکٹر کیون کیلی نے کہا ہے کہ یہ پروگرام نیا ٹیلنٹ متعارف کراتا ہے جس سے افراد کیلئے آرگنائزیشن میں کامیاب کلاؤڈ کیریئر شروع کرنے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

CLOUD COMPUTING COURSE