تحریک عدم اعتماد: آئندہ 48گھنٹوں میں فیصلہ کرینگے، امین الحق

اپوزیشن اور حکومت میں تھوڑی تھوڑی مایوسی نظر آرہی ہے
Amin Ul Haq Interview Isb 05-07

وفاقی وزیر آئی ٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء امین الحق کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے، ایم کیو ایم پاکستان کا فیصلہ متفقہ ہوگا، اپوزيشن ميں بہت جماعتيں ہيں ڈر لگتا ہے معاملات کيسے حل ہوں گے، حکومتی وفد سے آج ملاقات ہوگی، دونوں طرف تھوڑی تھوڑی مايوسی نظر آتی ہے۔

سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء اور وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ فی الوقت ایسی صورتحال ہے کہ بنانا اور بگاڑنا ایم کیو ایم کے ہاتھ میں ہے، ایم کیو ایم جمہوریت پسند سیاسی جماعت ہے، ہماری خواہش رہی ہے جمہوری روایت اور پارلیمنٹ کی بالادستی قائم و دائم رہنی چاہئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان عوامی اور کارکنان کی جماعت ہے، ہماری خواہش رہتی ہے کہ عوام، کارکنان، ووٹرز اور سپورٹرز سے مشورے کے ساتھ آگے بڑھیں، اس سطح پر ہماری مشاورت مکمل ہوچکی ہے، ٹاپ لیڈر شپ اسلام آباد میں موجود ہے، جہاں حتمی مشاورت جاری ہے۔

مزید جانیے: حکومت کو جھٹکا، بلوچستان عوامی پارٹی ساتھ چھوڑ گئی

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی اور ق لیگ کے دیگر رہنماؤں سے تفصیلی اور بامعنی ملاقات ہوئی ہے، پرویز الٰہی جانے سے قبل کچھ ہنٹس دے کر گئے تھے، ق لیگ نے اپنا اعلان کردیا، کچھ دیر بعد حکومتی وفد ملاقات کیلئے آرہا ہے، جس میں پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی اور دیگر شامل ہوں گے، کل یا پرسوں فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

ایک سوال پر امین الحق نے کہا کہ اب معاملہ ایم کیو ایم پاکستان کے پاس ہے، بامعنی اور بانتیجہ مشاورت چاہتے ہیں، دونوں طرف تھوڑی تھوڑی مایوسی نظر آتی ہے، اپوزیشن اور ان کے حمایتیوں کو دیکھ کر دل ڈرنا شروع کردیتا ہے کہ اتنی جماعتیں ہیں معاملات کیسے حل ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان رہنماء کا کہنا ہے کہ حکومت کو کہا کہ اپنے لوگوں کو ساتھ کھڑا کريں پھر ہمارے پاس آئيں، اپنا فیصلہ کرنے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں، پورے ملک کی نظریں ہم پر ہیں، ایسا فیصلہ کریں گے جس سے سب کو سکون ملے۔

تفصیلات جانیں: وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتمادپیش، قومی اسمبلی اجلاس31مارچ تک ملتوی

ق لیگ کی جانب سے حمایت اور 2 ارکان کی جانب سے وزیراعظم کو ووٹ نہ دینے کے اعلان سے متعلق سوال کہ کیا آپ کے بھی ایسا ہی کوئی فیصلہ کریں گے پر امین الحق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم منظم سیاسی جماعت ہے، ہمارا ذاتی ووٹ بینک نہیں، ہمارا ووٹ بینک ایم کیو ایم پاکستان کا پرچم اور پتنگ ہے، تمام لوگ خالد مقبول صدیقی کے ساتھ کھڑے ہیں، فیصلہ متفقہ ہوگا، تمام لوگ ایک ہی آواز پر لبیک کہیں گے۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بڑی خبر ملنے کی اميد ہے، ایم کیو ایم سے آج ہونے والی ملاقات حتمی ہوگی، منحرف ارکان سے متعلق ميرے پاس کوئی خبر نہيں۔

MQM Pakistan

No Confidence Motion

AMIN UL HAQUE

Tabool ads will show in this div