وزیراعظم عمران خان سے چوہدری پرويزالہٰی کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مونس الہٰی اور حسين الہٰی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں دعویٰ کیا کہ ق ليگ نے عمران خان کی حمايت کا اعلان کرديا جبکہ تحریک انصاف پرويزالہٰی کو وزيراعلیٰ پنجاب کے اميدوار کے طور پر سپورٹ کريں گے۔
پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے کینیڈیٹ کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 28, 2022
اس سے قبل تحریک انصاف سیاسی کمیٹی اجلاس میں وزیراعظم نے رہنماوں سے چوہدری برادران کو وزارت اعلیٰ پنجاب کی پیشکش پر رائے مانگی تھی جبکہ وزيراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی تھی۔
سینئر اینکر عمران ریاض خان نے سماء کے لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفقت محمود نے چوہدری برادران کو وزارت اعلیٰ دينے کے فیصلے کی حمایت کی جبکہ بابر اعوان کا بھی یہی موقف تھا کہ وزارت اعلیٰ چوہدری برادران کو دے ديں،ن ليگ کوموقع نہ ديں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسدعمر نے مشروط طور پر ق لیگ کو وزارت اعلیٰ پنجاب دينے کی حمایت کی تاہم پرویز خٹک، فواد چوہدری اور عامر کیانی نے مخلاف کی۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی کا فیصلہ ہونا ہے۔ پرویزالہیٰ کی وزیراعظم سے آج ملاقات ہوگی۔
اس سے قبل آج اپوزيشن نے وزيراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی تحريک عدم اعتماد جمع کرادی ۔ تحريک پر ن ليگ کے 122 اور پيپلزپارٹی کے 6 ارکان نے دستخط کيے۔ تحريک جمع کرانے والے ن ليگ کے رکن رانا مشہود کہتے ہيں اپريل تبديلی کا مہينہ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ کل 27 مارچ کو مسلم لیگ ن اور ق کے رہنماوں کے درمیان بھی ایک تفصیلی ملاقات ہوئی تھی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ق طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ 3 سال کا تجربہ اچھا نہیں رہا، تحریک عدم اعتماد سے متعلق ایک دو روز میں فیصلہ کرلیں گے۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیوایم کے اپنے اپنے مسائل ہیں، ہماری خواہش ہے تمام اتحادی مل کر فیصلہ کریں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن سعدرفیق کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحبان کے ساتھ دہائیوں ایک پرچم کی نیچے کام کیا ہے، اپنا مقدمہ ق لیگ کے سامنے رکھا ہے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے حوالے سے پرویزالہٰی کو منصب دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، عمران خان کیخلاف عدم اعتماد “کچھ لوکچھ دو” کیلئے پیش نہیں کی۔