سرکاری ملازمین کے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم
بلوچستان کے سرکاری ملازمین کے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد گرینڈ الائنس نے ہڑتال اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کے مطالبات جائز ہیں، محدود وسائل کے مطابق ملازمین کو ریلیف دینگے۔
کوئٹہ میں سرکاری ملازمین گرینڈ الائنس نے 25 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس اور دیگر مطالبات کیلئے ہڑتال کے ساتھ ساتھ ریڈ زون میں دھرنا دے رکھا تھا۔
کوئٹہ میں ملازمین گرینڈ الائنس نے مطالبات کے حق میں ایوب اسٹیڈیم ریلوے اسٹیشن اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ریلیاں نکالیں، ملازمین 2 حصوں میں تقسیم ہوگئے، ایک گروپ نے ہاکی چوک جبکہ دوسرے نے ریڈ زون میں دھرنا دیا۔
ایک موقع پر پولیس نے شیل فائر کیا لیکن انتظامیہ کی مداخلت سے معاملہ سنبھل گیا۔ ملازمین تنظیموں کا کہنا ہے کہ جب تک 25 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے سمیت دیگر مطالبات نہیں مانے جاتے دھرنا جاری رہے گا۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ پنجاب، کے پی، سندھ کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس مل چکا، بلوچستان کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گرینڈ الائنس کے نمائندوں کو ملاقات کیلئے بلالیا، عبدالقدوس بزنجو اور گرینڈ الائنس کے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد سرکاری ملازمین نے ہڑتال اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کے مطالبات جائز ہیں، محدود وسائل کے مطابق ملازمین کو ریلیف دیں گے۔