پی ٹی آئی میں اب صرف کمانے والے رہ گئے،راجہ ریاض
تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ خرچ کرنیوالے جاچکے، اب پی ٹی آئی میں صرف کمانے والے رہ گئے ہیں۔
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہمارے ناراض ارکان کی تعداد پہلے 24 تھی جو اب27 ہوگئی ہے تاہم نئے شامل ہونے والے ارکان کے نام نہیں بتا سکتے کیونکہ بہت پریشر ہے۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ اپنی مرضی اور خوشی سے سندھ ہاؤس گیا تھا، ریاست مدینہ کی بات کرنے والے تہمت لگارہے ہیں۔ خود فیصلہ کریں گے کہ کس دن جاناہے اور کس جگہ ووٹ ڈالناہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے پیسے اسلام آباد کی ایک پہاڑی تک جاتے تھے، وزیراعظم کو بتایا تھا پنجاب میں ڈی سی اور ڈی پی اوکی سیٹیں بک رہی ہیں، ڈی سی اور ڈی پی او کی سیٹیں بیچنےمیں وزیراعلیٰ پنجاب ملوث تھے۔رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ثبوت دو جس پر میں نے کہا ان چیزوں کے ثبوت نہیں ہوتے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمارے ممبران کو ورغلا کر لے گئے، اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کی نئی تاریخ رقم کی مگر عمران خان نے کہا کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گا۔