کراچی: قوم پرست اور مذہبی تنظیم کے طلبہ میں تصادم
کراچی کی وفاقی اردو یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم ہوگیا، مخالفین نے سڑک پر آکر ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر واقع وفاقی اردو یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی میں پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) اور امامیہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس او) کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔
مشتعل طلبہ لڑتے ہوئے یونیورسٹی کے باہر روڈ پر آگئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور لاٹھیاں برسائیں، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی جس کے بعد طلبہ فرار ہوگئے۔
طلبہ تصادم کے نتیجے میں یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا جبکہ پتھراؤ کے باعث شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جھگڑے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی نفری یونیورسٹی پہنچ گئی، اہلکاروں نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے اندر اور باہر گشت شروع کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز دو طلبہ کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس نے آج طول پکڑلیا اور معاملہ دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم تک پہنچ گیا، تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔