ایسرابالجیک کےنئےاشتہار کےمخالفین کوانوشے اشرف کا مشورہ

پاکستان میں مقبول ترین ترک تاریخی سیریز" ارطغرل غازی" کی حلیمہ سلطان (ایسرابالجیک) سے شاید ہی کوئی ناواقف ہو، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ڈرامے کو بےانتہا پسندیدگی بخشنے والے دیسی پرستاراس پراجیکٹ سے باہربھی تُرک اداکارہ کو ایسا ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔
ایسرابالجیک کو انسٹاگرام پرفالوکرنے والے اکثروبیشتر ہی انہیں اخلاقی سبق پڑھاتے ہوئے اداکارہ کے لباس اوراسٹائلنگ پرمایوسی کا اظہارکرتے رہتے ہیں لیکن اس بار اس مایوسی کا گراف کچھ زیادہ ہی اوپرچلا گیا ہے۔
حلیمہ سلطان کو مشرقی اندازمیں ہی دیکھنےکا جنون اس حد تک پہنچ چکا ہے کہ ڈرامہ نشرہونے کے 2 سال بعد بھی پاکستانی ناظرین ایسراکے دیگر پراجیکٹس کوبھی اسی تناظرمیں دیکھتے ہوئے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور اس کردار سے باہر کچھ بھی کرنا 'اخلاقی حدودسے باہر' قرارپاتا ہے۔
تُرک اداکارہ حال ہی میں زیرجامہ کی مشہورومعروف برانڈ 'وکٹوریہ سیکرٹ' کے ایک اشتہار میں نظر آئیں جس میں پہناوے بھی اسی مناسبت سے تھے لیکن ان کے انسٹاگرام پرپاکستانی مداحوں کے تبصروں کی بھرمار ہے جس میں وہ 'حلیمہ سلطان' کو یہ سب کرتا دیکھ کر برداشت نہیں کرپارہے۔
بیشترنے اپنے تبصروں میں شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کو اخلاقی سبق پڑھایا۔
اس تمام صورتحال میں اداکارہ انوشے اشرف نے ایسرا کے دیسی مداحوں کو مشورہ دیا کہ اگرانہیں اداکارہ کی پیشہ ورانہ مصروفیات سے مسئلہ ہے تو وہ ان فالو کرسکتے ہیں۔

انوشے کے مطابق، 'مرد حضرات ایسرا کو ان فالو کیوں نہیں کردیتے، یا اپنی آنکھیں بند کرلیں اورصرف اس وقت کھولیں جب انہیں پڑھنے، گاڑی چلانے اور ٹی وی دیکھنے کی ضرورت ہو'۔
ویسے حلیمہ سلطان کے پاکستانی مداحوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ اداکارہ 'ارطغرل' سے ہٹ کرذاتی زندگی بھی رکھتی ہیں۔
ایسرابالجیک کون ہیں؟
ایسرا بالجیک نے 14 اکتوبر 1992 کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں جنم لیا۔ بلکین انٹرنیشنل یونیورسٹی استنبول سےانٹرنیشنل ریلیشنز کی ڈگری کے علاوہ قانون کی تعلیم بھی حاصل کی۔
اداکاری کے ساتھ ایسرا ماڈلنگ بھی کرتی ہیں اوران کے پروفائلز پرقدرے بولڈ تصاویر کی وجہ ماڈلنگ ہی ہے کیونکہ بیشتر تصاویرشوٹ کے دوران لی گئی ہیں۔
ایسرا کی دوستی 2014 میں ترک فٹبالرگوخان طور کے ساتھ پروان چڑھی، 2017 میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھے جبکہ 2019 میں اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔