روہڑی: لڑکی کا قتل،مرکزی ملزم کا ریمانڈ منظور

پولیس نے واقعے کے 7 گھنٹے بعد ایف آئی آر درج کی تھی

ضلع سکھر میں روہڑی شہر کے قریب 18 سالہ پوجا کماری کے قتل میں ملوث ملزم واحد بخش لاشاری کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

منگل کو گرفتار مبینہ مرکزی ملزم واحد بخش لاشاری کو روہڑی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو 10 روزہ ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔

سماء سے بات کرتےہوئے واحد بخش نے دعویٰ کیا کہ وہ پوجا کو بہن کہتا تھا اور اس واقعے میں بےقصور ہے۔

 ملزم نے بتایا کہ پوجا کو دوسرے 2 افراد نے قتل کیا لیکن پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او بشیرجاگیرانی نے سماء کو بتایا کہ ملزم واحد بخش لاشاری نے اعتراف جرم کرلیا اوراس سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔

پیر کو پولیس نے بتایا تھا کہ پوجا کماری کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم واحد لاشاری گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے واقعے کے 7 گھنٹے بعد ایف آئی آر درج کی تھی۔ قتل کا یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا تھا۔

اس واقعے کا مقدمہ 3 ملزمان کےخلاف پٹنی تھانے میں درج کیا گیا تاہم مقدمے میں اغوا کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔

پولیس نے بتایا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں واحد لاشاری نے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان نے شادی کے لیے پوجا پر دباؤ ڈالا تھا اور اس کے انکار کے بعد اغوا کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اس دوران مزاحمت پر پوجا کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔

مقتولہ کے لواحقین نے پولیس کو بیان دیا کہ لاشاری برادری کے با اثرافراد کافی عرصے سے تنگ کررہے تھے اور پولیس کوشکایت کے باوجود ایکشن نہیں لیا گیا۔

SUKKUR

Tabool ads will show in this div