عروہ حسین نے ثنا جاوید کی جگہ لے لی
خواتین کے ملبوسات کے مشہور برانڈ ’رنگ رسیا‘ نے اپنی عید مہم کیلئے ثنا جاوید کے بجائے نئے چہرے کو متعارف کروادیا ۔
گزشتہ دنوں شوبز شخصیات کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید کے رویے سے متعلق ان پر الزامات لگائے گئے جس کے بعد ملبوسات کے برانڈ ’رنگ رسیا‘نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنی عید مہم کیلئے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔
برانڈ کی جانب سے عید مہم منسوخ کرنے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماڈل منال ندیم اور باقی کے عملے کے ساتھ جو تنازع سوشل میڈیا پر سامنے آرہا ہے وہ ہماری عید مہم کے دوران ہی ہوا تھا، جس کی وجہ سے برانڈ بہت زیادہ پریشان ہے اور یہی بنیادی وجہ بھی ہے کہ وہ ثنا جاوید کو اس عید مہم سے علیحدہ کررہے ہیں۔
غیر اخلاقی رویے کے الزامات، ثنا جاوید کو ایک اور دھچکا
برانڈ کے بیان کے مطابق وہ اب عید کی مہم کے لئے دوسرے چہرے کا انتخاب کرچکے ہیں جو اس سے قبل عید کیمپین کا مرکزی چہرہ تھیں۔
تاہم ملبوسات کے برانڈ ’رنگ رسیا‘ نے اپنی عید کی مہم کا نیا چہرہ متعارف کروادیا ہے برانڈ نے اپنے عید کلیکشن کیلئے اداکارہ عروہ حسین کا انتخاب کیا۔
جس کی تصدیق خود اداکارہ عروہ حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ماڈل منال سلیم، میک اپ آرٹسٹ واجد خان اور اکرام گوہر سمیت کئی فنکاروں اور اداکاروں نے ثناء جاوید پر برے رویے کے الزامات عائد کیے، بعد ازاں اداکارہ نے بدسلوکی کے الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا۔
ثنا جاوید پر کئی میک اپ آرٹسٹ اور شوبز سے وابستہ لوگوں نے یہ الزام لگایا تھا کہ اُن کا رویہ ساتھی لوگوں کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوتا، جس کے بعد سے ثنا جاوید سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے ہاٹ ٹاپک چل رہی ہیں۔