توہین عدالت کیس،سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سندھ ہائیکورٹ طلب
سندھ ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست کے کیس میں سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں کلفٹن اور ڈی ایچ اے میں پانی کی عدم فراہمی کے معاملے پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت کو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے کلفٹن کے گھریلو صارفین کے لئے ماہانہ 6 ہزار گیلن پانی فراہمی کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم پرتاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نےموقف اختیار کیا کہ بورڈ حکام نے 2015 کے عدالتی حکم کو ٹیمپرکیا ہے اور اس پرانکوائری بھی چل رہی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے 2017 میں دوسرا حکم نامہ جاری کیا تاہم اس پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے یہ بھی بتایا کہ عدالتی حکم پرعمل درآمد کے بجائے جو پانی مل رہا تھا وہ بھی بند کردیا گیا اور اب عدالت سے رجوع کرنے کے بعد بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
عدالت نےکیس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔