وزیراعظم نے 15-2014ء کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیدی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے مالی سال 15-2014ء کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیدی، کہتے ہیں خزانے میں ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے، اسے عوام کی ترقی پر ہی خرچ ہونا چاہئے۔
سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں دی گئی، اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دور میں شروع کئے گئے منصوبوں سے ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف جارہا ہے، ترقیاتی منصوبوں سے لاکھوں افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔
وزیراعظم نواز شریف کو پی ایس ڈی پی منصوبوں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے لاہور، کراچی موٹر وے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں دیامر بھاشا اور داسو ڈیم کیلئے رقم مختص کرنے، فیصل آباد خانیوال موٹر وے اور راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کیلئے رقم مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اسلام آباد، مظفر آباد ریلوے ٹریک منصوبے اور حویلیاں سے چین تک ریلوے ٹریک کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں گوادر کو ریلوے کے ذریعے کراچی سے لنک کرنے، گوادر میں فری اقتصادی زون کے قیام، بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک فیز ٹو کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ سماء