ن لیگ اورترین گروپ عثمان بزدار کو ہٹانے پر متفق

حمزہ شہباز وزیراعلیٰ ہوں گے، ترجمان حمزہ شہباز

مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں کے درمیان لاہور کے ترین ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات ختم ہوگئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے اور آئندہ بھی ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔ ترجمان حمزہ شہباز کا ملاقات کے بعد کہنا ہے کہ اگلے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف ہوں گے۔

جہانگیر ترین گروپ سے ن لیگی رہنماء کی ملاقات کے بعد سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورایہ کا کہنا تھا کہ اگلے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف ہوں گے۔

حمزہ شہباز اور ترین گروپ کے اراکين کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ترین گروپ اراکین نے صوبے کے معاملات پر مایوسی کا اظہار کیا، مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن  پر تشویش کا اظہار کیا ساتھ ہی وزیراعلی کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں موجود سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت ہوئی، جبکہ مزید ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔

پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ اور مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز کے درمیان ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف وفد کے ہمراہ ترین ہاؤس پہنچے جہاں ان کا استقبال پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں عون چوہدری، نعمان لنگڑیال اور دیگر نے کیا۔

ملاقات سے کچھ دیر قبل سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے تصدیق کی تھی وہ بعد نماز مغرب ترین ہاؤس جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ کچھ دیر میں وفد کے ہمراہ جہانگير ترین کے گھر جارہے ہیں،  ترین صاحب کے اہل خانہ اور دوستوں سے ان کی عیادت کریں گے۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ ملاقات کیلئے جارہے ہیں، سیاسی باتیں بھی ہوں گی، پنجاب، وفاق میں ترین گروپ کو عدم اعتماد میں ساتھ دینے پر دعوت دیں گے۔

PTI

JAHANGIR TAREEN

HAMZA SHEHBAZ SHARIF

Tabool ads will show in this div