top story

سیاست،حکومت اور مستقبل تینوں ہمارے پاس ہے،فواد چوہدری

تاش کے سارے پتے ہمارے پاس ہيں، وزیراطلاعات
Mar 14, 2022

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف واحد وفاقی جماعت اور عمران خان واحد قومی لیڈر ہیں۔ سیاست،حکومت اور مستقبل تینوں ہمارے پاس ہے۔

تحریک انصاف کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے  گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزيشن گھبراہٹ کا شکار ہے، ان کو سمجھ نہيں آئےگی ان کےساتھ ہوا کيا، اپوزيشن کو ہاتھ ملتے ديکھيں گے۔ تاش کے سارے پتے ہمارے پاس ہيں۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزيشن کی تحريک عدم اعتماد لانے کے بعد انھوں نےہميں متحرک کرديا، ہم وزيراعظم کے ساتھ کھڑے ہيں۔ آپ بہت جلد اپوزيشن کو مايوس ديکھيں گے۔ انہوں  نے کہا کہ تحريک انصاف،عمران خان کے خلاف مہم چلانے کی کوشش کی گئی جبکہ لوگوں کو خريدنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے جلسے اس بات کا ثبوت ہے تحریک انصاف 4 ڈویژن کی جماعت نہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مارچ جیسے ہی پنجاب میں داخل ہوا تو اپنے موت آپ مرگیا، جو ہم سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے عوامی ریفرنڈم دیکھ لیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مسترد شدہ اپوزیشن قیادت کی جانب ہمارے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی شدید مذمت کی گئی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ کروڑوں کی آفرز کی جارہی ہيں۔ ہمارے لوگوں نے ہميں ان آفرز کے بارے میں بتاياہے۔

پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں جلسے کی تاریخ کا اعلان

مسلم لیگ ن کا بھی ڈی چوک پر جلسے کا عندیہ

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جس طرح قائداعظم نے ہندوستان میں استعماری قوتوں کی خلاف لڑائی لڑی تھی آج اسی طرح عمران خان متعصب قوتوں کیخلاف لڑائی لڑ رہے ہیں اور اس لڑائی کا تعلق ہر پاکستانی کے غیرت اور آزادی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کے دوران جب معرب نے روسی امیرترین لوگوں کے اثاثے ضبط کیے تو آصف زرداری ، شہبازشریف اور چند میڈیا مالکان کے منہ اتر گئے کہ کہی یہ ہمارے ساتھ بھی نہ ہوجائے اور عمران خان کیخلاف ایک مہم شروع کردی گئی۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان آج کسی بلاک کا حصہ نہيں ہے، آج کوئی پاکستان کو ڈکٹيٹ نہيں کرسکتا، آج ہر پاکستانی فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان اپنے فیصلوں میں آزاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت پاکستان کی آزادی پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق اراکین کی رائے ہے کہ اجلاس کو جلد سے جلد بلایا جائے مگر اجلاس حکومت نے نہيں، اسپيکر اسمبلی نے بلانا ہے ہم چاہتے ہيں اجلاس ايسے ہو کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس متاثرنہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والا تحریک انصاف کا جلسہ پارٹی کی 26 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا کیونکہ اپوزیشن کی حرکتوں سے کارکن متحرک ہوگئے ہیں اور جلسے میں 10 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

اس سے قبل اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش ہے، فیصلے مشاورت سے کیے جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے جبکہ ہماری تمام تیاریاں بھی مکمل ہیں۔

No Confidence Motion

pti govt

Tabool ads will show in this div