وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، اپوزیشن کیخلاف بڑا گیم پلان تیار
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں نے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کےلیے منصوبہ تیار کرلیا۔
شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے،اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہونے دیا جائے پھر سرپرائز ملے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کروں گا اور انہیں بتاؤں گا سیاست کرتے کیسے ہیں ۔ عمران خان نے کہا مجھے پتہ ہے یہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔ ایسا پلان تیار کررکھا ہے ان کو کچھ سمجھ ہی نہیں آئے گی۔
اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو تکنیکی اور آئینی بنیادوں پر ناک آؤٹ کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
تجویز دی گئی کہ تحریک عدم اعتماد پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین سے متعلق اسپیکر کو خط لکھا جائے۔ انہیں ووٹ نہ ڈالنے دیں، اگر ووٹ ڈل جائے تو اسے شمار نہ کیا جائے۔ اور ایسے اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے۔ اسپیکر کو یہ بھی کہا جائے کہ خط کو بنیاد بنا کر تحریک کو ناکام قرار دینے کی رولنگ دیں۔
قانونی ماہرین نے مذکورہ تجویز پر اعتراض کرتے ہوئے کہا اپوزیشن نے رولنگ عدالت میں چیلنج کردی تو کیس لٹک جائے گا۔