میانوالی:نومولود بیٹی کو گولیاں مارکر قتل کرنے والا باپ گرفتار

ملزم بیٹی کی پیدائش پر خوش نہیں تھا، رشتے دار

میانوالی پولیس نے نومولود بچی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈی پی او میانوالی کو تفتیش کی خود نگرانی کرنے اور ملزم کو عبرتناک سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ میانوالی سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ ملزم نے 4 روز قبل اپنی 7 دن کی بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزم کے رشتہ دار کے مطابق ملزم بیٹی کی پیدائش پر خوش نہیں تھا۔

افسوسناک واقعہ میانوالی کے قصبے داؤد خیل میں پیش آیا تھا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا تاہم 4 روز کی تلاش کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کی چچا ہدایت اللہ کی مدعیت میں اسی روز مقدمہ درج کرلیا تھا۔ ہدایت اللہ نے پولیس حکام کو بتایا کہ بھتیجے شاہ زیب کو بیٹا پیدا نہ ہونے کا رنج تھا جس کے نتیجے میں اس نے بیٹی کو قتل کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو ضلع بھکر سے گذشتہ رات گرفتار کیا گیا۔

PUNJAB POLICE

crime scene

Tabool ads will show in this div