ضیاءالحق کی قبرکی بےحرمتی:پی پی کارکنوں کیخلاف مقدمے کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پی پی کارکنوں کی جانب سے سابق صدر ضیا الحق کی قبر کی بے حرمتی پر پی پی کارکنوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہارنے والی اپوزیشن کو نیوٹرل امپائر والے بیان پر قائم رہنا ہوگا۔
اسلام آباد میں پولیس فیسلیٹیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 23 سے 30 مارچ اہم ہفتہ ہے، اپوزیشن شوق پورا کرلے، عمران خان جیتنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے اسپیکر کو اختیارات دیئے گئے، اسپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، اب چھانگا مانگا ہے نہ ہی مری، جہاں یہ ارکان کو رکھیں گے، 172 ارکان اپوزیشن کو لے کر آنے پڑیں گے، تحریک عدم اعتماد عمران خان کیلئے اطمینان کی تحریک بنے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 30 یا 31 کو اپوزیشن کیساتھ ارکان اسمبلی اپریل فول منائیں گے۔ تینوں پارٹیاں انجمن مفاد باہمی میں اکٹھی ہوئی ہیں، اپوزیشن کہہ رہی ہے امپائر نیوٹرل ہے، اللہ کا شکر ہے، ہارنے پر یہ کسی نئے امپائر کا کھاتہ نہ کھول دیں، ہارنے والوں کو نیوٹرل امپائر والے بیان پر قائم رہنا ہوگا۔
اجلاس بلانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے پاس 14 روز ہوتے ہیں وہ جب چاہیں اجلاس بلالیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں، بلاول کی ریلی مایوس کن تھی، ہماری سیکیورٹی ان کے لوگوں سے زیادہ تھی۔
وزیراعظم کے گزشتہ روز بلاول بھٹو سے متعلق بیان پر شیخ رشید نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں بلاول سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا، وہ جو کرنا چاہتے ہیں، انہیں کرنے دیں، بعض کیسز ایسے ہوتے ہیں کہ اس پر تنقید نہیں کرنی چاہیئے بلکہ اسے انجوائے کرنا چاہیئے۔