اپوزیشن کےاوچھےہتھکنڈوں سےگھبرانےوالا نہیں،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے سینئر پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔
سماء کے نمائندہ خصوصی عباس شبیر نے بتایا کہ اہم اجلاس میں پرویزخٹک، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری و دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پرمشاورت سمیت پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب میں گروپ بندی کےحوالے سے امورزیرغور آئےاور وزیراعظم کےدورہ لاہور کے حوالےسے بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں اور ایسا پلان تیار کررکھا ہے کہ ان کو سمجھ نہیں آئے گی۔
وزیراعظم نےکہا کہ پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اور اب بھی کروں گا،عدم اعتماد کی ناکامی کےبعد سب کا حساب چُکتا کردوں گا۔
عمران خان نے یقین دلایا کہ پنجاب میں پیدا ہونےوالےحالات پرقابو پالیں گے، تمام ارکان میرا ساتھ دیںگےاورپریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ عدم اعتماد کی تحریک کے قانونی پہلووں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اتحادیوں کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں موجود سینئررہنما نے بتایا کہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے اورحکومت نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم جمعرات کو لاہور کا اہم دورہ کررہے ہیں جس میں ملکی صورتحال سمیت پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بطورخاص غور ہوگا۔