وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فوری ہٹایاجائے، ترین گروپ
لاہور میں اجلاس کے بعد ترین گروپ کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ تمام اراکین اس بات پر متفق ہے کہ عثمان بزدار کو فوری ہٹایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان لنگڑيال کا کہنا تھا کہ ہم سب جہانگیرترین کی لیڈر شپ میں متحد ہیں آخری فیصلہ ان کا ہوگا۔
نعمان لنگڑيال کا کہنا تھا کہ ہم تمام پارٹیوں سے رابطے میں ہے اور بات چیت سے مسلسل جہانگیرترین کو آگاہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی گروپ کا ایک اہم اجلاس ہوگا جس میں تازہ سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
نعمان لنگڑيال کا کہنا تھا کہ علیم خان نے کل گروپ جوائن کیا ہے اور ہم نے ان پر واضح کردیا ہے کہ وہ گروپ کے فیصلوں کے پاپند ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے ہٹانے کا مطالبہ پارٹی سے بغاوت نہیں بلکہ پارٹی کے مفاد میں ہے کیونکہ ہم مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پارٹی عوام کے مفاد پر پورا اترے۔
ترین گروپ کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ کے بعد پنجاب اسمبلی میں ہمارے پاس سب سے زیادہ نشستیں ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل آج اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات میں عثمان بزدار نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تاہم وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے آپ کو وزیراعلیٰ بنایا ، آپ ہی وزیراعلیٰ رہیں گے جس پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پارٹی کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔