روس یوکرین جنگ:یورپی یونین کی وزیراعظم سے ثالثی کی درخواست
وزیراعظم عمران خان اور سربراہ یورپی یونین کے درمیان روس یوکرین جنگ کے معاملے پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے یوکرین کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے، عسکری تنازع پر تحفظات کے اظہار کے ساتھ انہیں بتایا کہ اس کے ترقی پذیر ممالک پر مہلک معاشی اثرات پڑیں گے، جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر سے گفتگو میں مزید کہا کہ بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے معاملہ حل کیا جانا چاہئے، پاکستان اس ضمن میں معاونت کا فریضہ سر انجام دے سکتا ہے۔
میں نےانسانی بنیادوں پر امداد کی اہمیت اجاگرکی اوربات چیت اورسفارتکاری کےذریعے معاملےکےحل کی تدبیرکے حوالےسےاپنےمؤقف کااعادہ کیا۔ہماراباہم اتفاق تھاکہ پاکستان جیسےممالک اس باب میں معاونت کافریضہ سر انجام دےسکتےہیں۔مشترکہ اہداف کےفروغ وحصول کیلئے میں قریبی تعلقاتِ کارکاخواہاں ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 7, 2022
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سربراہ یورپی یونین نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ روس يوکرين تنازع پر ثالثی کا کردار ادا کريں۔
سماء سے خصوصی گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مذکورہ درخواست پر عملی اقدامات کريں گے۔
تازہ ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترين اور عليم خان پی ٹی آئی کا حصہ ہيں، اندرونی سیاست ہر جماعت میں ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے 12 ویں روز یوکرین کا دارالحکومت کیئو کے قریب علاقے میں روسی شیلنگ میں شہریوں کی اموات ہوئی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق يوکرين ميں انسانی بحران خوفناک ہوچکا ہے۔
امريکا کے وزيرخارجہ اينٹونی بلنکن نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ يہ جنگ ابھی کچھ عرصہ جاری رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب يوکرين کے صدرزيلينسکی نے مغرب کے بعد روس کے عوام سے مدد کی اپيل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ماسکو کے خلاف سڑکوں نکل کر جنگ رکوائيں۔