کرپشن کيخلاف جنگ،شاہ محمود قريشی کا ناکامی کا اعتراف
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرپشن کيخلاف وہ ہدف حاصل نہ کرسکے جو کرنا چاہتے تھے کیونکہ عمران خان تنہا ہيں اور مافيا يکجا ہے ۔ ادارے بھی رکاوٹ ہيں۔
اس سے قبل 13 فروری کو وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتے ہيں حکومت احتساب نہيں کرسکی مگر سارا ملبہ حکومت پر نہ گرايا جائے کچھ کام عدالتوں کے بھی ہيں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مريم نواز کيس تاخير کا شکار ہے جبکہ شہبازشريف کمر درد کا بہانہ کريں تو انہيں عدالت پيشی سے چھٹی مل جاتی ہے ليکن اسی شام وہ آصف زرداری کے ساتھ ڈنر پر نظر آتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ شريف خاندان کے ملازم مقصود چپڑاسی کا کيس عوام کو لائيو ديکھايا جائے۔
منڈی بہاؤالدین میں 18 فروری کو عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ تسليم کرتا ہوں نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دينے کی غلطی کی ہے کیونکہ اس وقت کبھی ايک بيماری، کبھی دوسری تو کبھی پليٹ ليٹس کی کمی کے باعث ہمیں لگا کہ يہ آج گيا کل گیا۔
واضح رہے کہ 24 جنوری کو وزیراعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس وقت بھی وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری احتساب کے عمل پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اوپن اینڈ شٹ کیسز بھی عدم پیروی کے باعث التوا کا شکار ہیں۔