دوسراایلیمنیٹر: لاہورقلندرز کا اسلام آبادیونائیٹڈ کو 169رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ 7 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیدیا۔ عبداللہ شفیق نے 52 رنز بنائے، ڈیوڈ ویزے نے 8 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 28 رنز جڑ دیئے، لیام ڈاؤسن اور وسیم جونیئر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 7 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا ڈالے۔
ابتداء سے ہی لاہور قلندرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فخر زمان صرف ایک اور فل سالٹ 2 رنز بنا کر لیام ڈاؤسن کا شکار بن گئے، تاہم اس کے بعد عبداللہ شفیق اور کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز کی شراکت قائم کی۔
عبداللہ شفیق 52 اور کامران غلام 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ 28 اور سمت پٹیل 21 رنز بناسکے، میچ کے آخری اوور میں ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنا ڈالے، وقاص مقصود کے اوور میں مجموعی طور پر 27 رنز بنے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیام ڈٓاؤسن اور محمد وسیم نے 2، 2، شاداب خان اور وقاص مقصود نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کی فاتح ٹیم اتوار کو پاکستان سپر لیگ 7 کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔