بے بی بلاول تو کراچی کے علاقوں کے ناموں سے بھی واقف نہیں،علی زیدی
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی انتطامی مشینری کو استعمال کر کے ورکزر کو ڈرانے کی کوشش کررہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر لیاری گینگ وار تک پی پی کی دہشت گردی کی کہانیاں موجود ہیں، پیپلزپارٹی سب سے پہلے سیاست میں دہشتگردی کو لیکر آئی۔
کراچی میں پی ٹی آئی کے بینر تلے سندھ بچاؤ مارچ کے آغاز پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کے سندھ بچاؤ مارچ سے خوفزدہ ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے مارچ روکا چاہتی ہے مگر ہم ڈرنے والے نہیں اور نہ یہ مارچ رکے گا۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ بے بی بلاول تو کراچی کے علاقوں کے ناموں سے بھی واقف نہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نہیں بلکہ زرداری ہیں، لکھنے سے کوئی بھٹو نہیں ہوتا۔ یہ تو آج تک کراچی کی سڑکوں پر نہیں چلے ہیں۔
مارچ سے متعلق علی زیدی نے بتایا کہ ہفتہ 26 فروری کی دوپہر سے مارچ کا آغاز گھوٹکی کے مقام سے ہوگا۔ مارچ اور احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے،تو پھر ہمیں کیوں روکا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعرات کی رات پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پارٹی پرچم لگانے سے روکا گیا، پارٹی پرچم اتارنے کیلئے پولیس کرین تک لے آئی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق پی ٹی آئی کے 2 ايم پی ايز نے پوليس ميں تحريری درخواست دی ہے۔ اگر پرچم اتارنے ہیں تو سب کے اتارے جائیں۔
علی زیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاست میں سب سے پہلے دہشت گردی پاکستان پیپلزپارٹی لے کر آئی، ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر لیاری گینگ وار تک پی پی کی دہشت گردی کا سب کو علم ہے۔