پنجاب: دوران زچگی ماؤں اور بچوں کی اموات میں اضافہ
پنجاب کے بنیادی مراکز صحت ميں گزشتہ ایک سال کے دوران ايک ہزار مائیں زچگی کے مختلف مسائل کے باعث جاں بحق ہوگئيں۔
پنجاب حکومت کی رپورٹ میں بنیادی مراکز صحت ميں ماؤں اور بچوں کی ہلاکت سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال روزانہ2سے زائد مائیں دوران زچگی جان کی بازی ہارتی رہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے بنیادی مراکز صحت پر گزشتہ سال پیدا ہونے والے 88 ہزار بچے جان گنوا بیٹھے۔ جاں بحق ہونے والے 25208 بچوں کی عمریں 5سال سے کم تھیں۔
حکام کے مطابق 62 ہزار 813 بچے ماں کے پیٹ میں مختلف وجوہات کی وجہ سے مرگئے جبکہ 13 ہزار 706 بچے اپنی پیدائش کے 28دنوں کے اندر زندہ نہ بچ سکے۔
رپورٹ کے مطابق 8 ہزار بچے پیدائش کے بعد اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے ہی فوت ہوگئے جبکہ 3 ہزار 457 گزشتہ سال 5سال ہونے سے پہلے ہی دنیا چھوڑگئے۔