ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے 3 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے منگل 22 فروری کو ڈی آئی خان میں کلاچی کے علاقے مڈی میں پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔

ریمورٹ کنٹرول دھماکے سے پولیس موبائل میں موجود تین اہل کار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ٹیم انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کیلئے موجود تھی۔ دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جب کہ بم ڈسوزل اسکواڈ ( بی ڈی ایس ) کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو متعدد حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایس ایس جی کمانڈو کیپٹن حیدر عباس نے جام شہادت نوش کیا۔