برطانوی جوڑا 6 منٹ میں 12 برگر کھا کر فرار

برطانوی پولیس نے جوڑے کی تلاش شروع کردی

برطانویہ میں ایک جوڑا صرف 6 منٹ میں 12 برگر کھا کر ہوٹل کا بل ادا کئے بغیر بھاگ گیا، واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، جس کے بعد جوڑے کی تلاش شروع کردی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کہا جارہا ہے کہ اس جوڑے کو برطانیہ کی کاؤنٹی ولٹشائر کے علاقے مارلبورو  کے ایک ریستوران کی جانب سے کھانے کا چیلنج دیا گیا تھا۔

برگر ریستوران ’بائٹ می‘ نے گاہکوں کو یہ آفر دی تھی کہ اگر وہ 6 منٹ میں 12 برگر کھا لیں تو ان سے پیسے وصول نہیں کئے جائیں گے۔

ریستوران کے عملے نے یہ واضح کیا تھا کہ جوڑے (دو لوگ) اس چیلنج میں حصہ نہیں لے سکتے اور ہفتے کی رات ’بہت زیادہ مصروفیت‘ کے سبب اس چیلنج کی بکنگ پہلے سے کروانی پڑتی ہے۔

عملے نے الزام لگایا کہ جوڑے نے درجن بھر پیٹیز کا آرڈر دیا، انہیں کھایا اور ادائیگی سے انکار کرتے ہوئے یہ اصرار کیا کہ انہوں نے تو چیلنج پورا کیا ہے۔

مارلبورو پولیس نے کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات ایک ممکنہ چوری کے طور پر کر رہی ہے، اس حوالے سے ایک مرد اور عورت کی سی سی ٹی وی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، جن کی پولیس کو تلاش ہے۔

کنگزبری اسٹریٹ میں واقع مذکورہ ریستوران کے مالک سائمن ویٹن نے بتایا کہ انہوں نے برگر کھانے والوں سے 174 پاؤنڈ وصول کرنے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ہفتے کی رات ہونے کے باعث ہم بہت مصروف تھے اور ہمارے پاس اس چیلنج کیلئے عملہ اور وقت نہیں تھا، تو ہم نے انہیں کہا کہ بدقسمتی سے وہ یہ چیلنج نہیں کرسکتے، تاہم جوڑے نے 12 برگرز کا آرڈر دیا اور کہا کہ وہ چیلنج کرنا چاہتے ہیں، ہماری معذرت کے بعد ادائیگی کی بات آئی تو جوڑے نے کہا کہ انہوں نے یہ چیلنج 6 منٹ میں کیا ہے اور وہ برگر کی ادائیگی نہیں کریں گے۔

ریستوران مالک کے مطابق عملے نے پھر وضاحت کی کہ چیلنج کے وقت کا تعین ہم نے کرنا ہوتا ہے، ویٹریس بحث کے بعد منیجر کو لینے گئی تاہم جب واپس آئی تو جوڑا جاچکا تھا۔

ریستوران مالک کا کہنا ہے کہ جب انہیں رقم کی ادائیگی کیلئے فون کیا گیا تو انہوں نے سوشل میڈیا پر ریستوران کو تنقید کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہے کہ انہوں نے 6 منٹ میں برگر نہیں کھائے۔

ریستوران کے مالک نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی، جس نے فیس بک پر لکھا ہم اس واقعے کی تحقیقات چوری کے طور پر کررہے ہیں، اس حوالے سے ہمیں 101 پر کال کرکے اطلاع دی جائے۔

برطانیہ

برگر

Tabool ads will show in this div