زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات طے پا گئی
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے مابین ملاقات طے پا گئی ہے۔
اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر آصف زرداری کل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر فضل الرحمان سابق صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوگی، جب کہ حکومتی اتحادیوں سے رابطوں سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو ہوگی۔
واضح رہے کہ اپوزیشن حکومت پر دباو بڑھنے کیلئے پوری قوت سے میدان عمل میں اترنے کی تیاریاں کر رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کیخلاف 27 فروری سے لانگ مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ حکومتی جماعت کی وکٹیں گرانے کیلئے اپوزیشن نے جوڑ توڑ کیلئے کوششوں کا عمل بھی شروع کر رکھا ہے۔
قبل ازیں شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان بھی ملاقات کی خبریں میڈیا میں آئیں، تاہم کسی پارٹی رہنما کی جانب سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ اس سے قبل ایم کیو ایم وفد بھی لاہور آمد پر چوہدری شجاعت حسین اور ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات کرچکا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں تیزی لانے کیلئے شہباز شریف اور سابق صدر زرداری کے درمیان بھی لاہور میں اہم ملاقات ہوئی تھی، اس تاریخی ملاقات پر فضل الرحمان کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ورکنگ ریلیشن بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ پی پی نے تجویز دی تھی کہ لانگ مارچ پر پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم ایک ساتھ اسلام آباد میں داخل ہوں، جس پر ن لیگ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تجویز پی ڈی ایم کے سامنے رکھی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے شہباز شریف نے 14 سال بعد حکومتی اتحادی اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور شبیر عثمانی شامل تھے، ملاقات میں سالک حسین اور شافع حسین بھی شریک ہوئے۔
شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیل سےگفتگو کی گئی۔ شہباز شریف نے اپنی اور نواز شریف کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مسلم لیگ ن کے وفد کی ق لیگ کے وفد سے ملاقات کے 3 دور ہوئے، شہباز شریف نے چوہدری شجاعت اورپرویز الٰہی سےالگ ملاقات بھی کی۔ شہباز شریف نےچوہدری برادران سے ملاقات کے بعد الگ کمرے میں اپنے وفد سے مشاورت کی، ن لیگ کی مشاورت کے بعد شہباز شریف نےچوہدری برادران سے پھر ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے چوہدری شجاعت اورپرویزالٰہی کو نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا، ملاقات کے تیسرے دور میں مسلم لیگ ن کا مکمل وفد اور ق لیگ کے رہنما شریک ہوئے۔