مونال انتظامیہ کیخلاف کارِسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج
اسلام آباد میں مونال ریسٹورنٹ پرقبضے کے خلاف وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے تھانہ کوہسار میں ایف آئی آر درج کروادی ہے۔
وائلڈ لائف بورڈ کی جانب سے مونال انتظامیہ کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی ایف آئی آر درج کروائی گئی۔
ایف آئی آر میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ہوٹل پر لگا سرکاری تالہ توڑنے اور ملازمین کو زدوکوب کرنے کے ساتھ 5 دفعات لگائی گئی ہیں۔
بدھ 16 فروری کو مونال انتظامیہ کے اہکاروں نے ہوٹل پہنچ کر وہاں موجود پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی تھی اور کہا کہ عدالت نے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اور وہ یہاں اپنا کنٹرول دوبارہ قائم کریں گے۔
سرکاری اہلکاروں کی جانب سے جب ان سے عدالتی کاغذات طلب کئے گئے تو انھوں نے کچھ بھی دکھانے سے انکار کردیا اور وہاں سے چلے جانے کا کہا۔
مقامی انتظامیہ کےمطابق مونال انتظامیہ کے 70 سے 80 اہلکار ہوٹل میں گھس گئے اور اپنی کرسیاں اور میزیں سیدھی کرکے لگادیں۔
واضح رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مونال کو سیل کرنے اور سامان منتقل لے جانے کا حکم دیا جاچکا ہے۔
پچھلے ہفتے مونال ہوٹل ڈی سیل کرنے کے بعد مجسٹریٹ کی موجودگی میں سی ڈی اے اور اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 11 جنوری کو مارگلہ ہلز پر واقع ہوٹل سی ڈی اے اور وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔