پیٹرولیم مصنوعات کتنی مہنگی ہوسکتی ہیں؟
اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات 12 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کی سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سمری کے مطابق قیمتیں نہیں بڑھاسکتے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی، جس کے مطابق آئی ایم ایف شرائط کے تحت پیٹرول 12 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے اوگرا سمری نظرثانی کیلئے وزارت خزانہ کو واپس بھیج دی ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں کرسکتے۔
وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کریگی، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج ہی کیا جائے گا، جس کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں واضح طور پر کہا تھا کہ حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین اور روس تنازع کے باعث دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
اس سے قبل یکم فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں، پیٹرول کی قیمت 147روپے 83 پیسے، لائٹ ڈیزل 114 روپے 54 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 144 روپے 62 پیسے اور مٹی کا تیل فی لیٹر 116 روپے 48 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔