اپوزيشن کيسز سے بچ گئی تو عدم اعتماد لائیگی، وزیراطلاعات

پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے سوا چارہ نہیں، فوادچوہدری
Feb 15, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کیسز سے بچ گئی تو تحریک عدم اعتماد لائے گی، فی الحال تحریک عدم اعتماد نہیں جیلیں نظر آرہی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پيٹرول کی قيمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہيں۔

وفاقی وزيراطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں سیاسی حريفوں کو پيغام دیتے ہوئے کہا کہ اپوزيشن کيسز سے بچ گئی توعدم اعتماد لائے گی، فی الحال تحریک عدم اعتماد نہيں جيليں نظر آرہی ہیں، جو اُن کی منتظر ہيں۔

ان کا کہنا ہے کہ يہ لوگ 3 سال ميں حکومت گرانے کی 13 تيرہ کوششيں کرچکے ہيں، حزب اختلاف اپنے بوجھ تلے دبئی ہوئی ہے، ان ميں ٹف ٹائم دينے کی سکت ہی نہيں، نہ ہی تیر چلے گا اور نہ تلوار، یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری اور مريم نواز کو کراچی اور لاہور کے میئر کا انتخاب لڑنے کا مشورہ بھی دے ديا۔ بولے کہ مسلم لیگ ن 6 اور پیپلزپارٹی 5 ڈویژن کی جماعت ہے۔

وزير اطلاعات نے پیٹرول بم گرانے کا عندیہ بھی دیدیا، فواد چوہدری کہتے ہيں پيٹرول کی قيمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہيں، يوکرين اور روس تنازع کی وجہ سے عالمی مارکيٹ ميں دام بڑھ رہے ہيں، حکومت کب تک بوجھ برداشت کرے گی، کوئی شک نہيں کہ پيٹرول کی قيمتيں بڑھيں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ویکسین لگنے کی شرح متاثر کن نہیں ہے، وزیراعلی سندھ نے کہا تھا کہ ویکسین منگوائیں گے، سندھ حکومت نے ایک ڈالر کی بھی ویکسین نہیں منگوائی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ڈھائی ارب ڈالر کی ویکسین لوگوں کو لگائی جاچکی ہے، سندھ حکومت نے ایک ڈالر کی ویکسین نہیں منگوائی، وفاقی حکومت نے ہی سندھ کو ویکسین دی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں کے جو الیکشن ہوئے ان میں مسترد شدہ ووٹ ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں ووٹ مسترد نہیں ہوسکتے، اس کے لیے ٹینڈر کریں اور خریدیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عدالتوں میں کیسز کی وجہ سے 3 ہزار ارب کی ریکوری نہیں کر پا رہا، عدالتوں کے حکم امتناع کی وجہ سے وصولیاں نہیں ہورہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اداروں کا احترام کرتی ہے، عدالت نے وزیراعظم کو بلایا تو آدھے گھنٹے میں پہنچ گئے، عدالتوں کو انتظامی معاملات میں حکومت کا نکتہ نظر پتا ہونا چاہیے۔

Fawad Chodhary

پیٹرول کی قیمت

فواد چوہدری

پی ڈی ایم

اپوزیشن