سندھ ہائیکورٹ کاکورنگی میں غیرقانونی شادی ہالز مسمارکرنےکاحکم
سندھ ہائیکورٹ نےکراچی کے علاقے کورنگی میں غیرقانونی شادی ہالز مسمار کرکے 4 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے علاقے کورنگی میں غیرقانونی شادی ہالز مسمار نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے احکامات پرعملدرآمد نہ کرنے پرایس بی سی اے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ جب سپریم کورٹ کا حکم آچکا ہے تو شادی ہالز مسمار کیوں نہیں کیے جارہے۔
ایس بی سی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غیر قانونی شادی ہالز مالکان کو شوکاز نوٹس دیے جارہے ہیں،ایک ہفتے بعد غیر قانونی شادی ہال مسمار کرنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے کہ پہلے جب کیس چلتا تھا تو کئی افسران عدالت میں موجود ہوتے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ آج ہی مشینیں لے کر عمارت پرچڑھ جائیں گے،کیا اب وہ ایکشن لینے سے ڈرتے ہیں؟۔