عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں 100فیصد اضافہ ہوا،وزیرخزانہ

اگلے جائزہ اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سےنکال دیا جائیگا
Feb 11, 2022
Shaukat Tarin Pc Isb 14-09

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا تاہم حکومت نے قیمت میں صرف 40 فیصد تک اضافہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پیٹرول درآمد کرنا بند نہیں کرسکتے تاہم ہم کوشش کر رہے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی اضافی قیمتوں کو عوام پر بوجھ کم ڈالیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچھ پاور پلانٹس چلانے کے لیے تھر سے کوئلہ نکالا جا رہا ہے تاہم درآمدی کوئلہ سے چلنے والے پلانٹس کے لیے کوئلہ تو درآمد کرنا پڑے گا۔

سیلز ٹیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی کی شرح کو کم کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملکی درآمدات میں 25 سے 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس وقت روپے پر پریشر تھا جو کم ہوگیا ہے اور ڈالر کی قیمت کم ہوکر 174 روپے ہوگئی، اس وقت روپیہ انڈر ویلیو نہیں ہے، ایک، دو روپے کا فرق ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے موخر ادائیگی پر تیل کی درخواست کی ہے تاہم اس وقت ملکی تیل کے ذخائر استعمال کر رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد نے سوال کیا کہ سعودی قرض کے معاہدے میں واپسی میں توسیع کے  حوالے سے کوئی شق شامل ہے، پہلے قرضے 2.3 فیصد سود پر لیا تھا تو اس بار 4 فیصد سود پر کیوں لیا گیا جس پر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ دنیا میں شرح سود بڑھ رہا ہے، سعودی قرض کا شرح سود چار فیصد ہونا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تو سعودی عرب سے قرض مانگا ہی ایک سال کے لیے تھا تاہم ضرورت پڑی تو قرض واپسی میں توسیع بھی کر لیں گے۔ قرض پر شرائط تو ڈالی جاتی ہیں، لیکن لازمی نہیں کہ ان کا نفاذ بھی کیا جائے، سعودی عرب نے کہا ہے کہ ہم نے اگر دیوالیہ کیا تو یہ رقم واپس لے سکتے ہیں لیکن ہم دیوالیہ ہی نہیں کریں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 28 شرائط عائد کی گئیں تھی، ہم نے 27 شرائط کے اہداف پورے کر لیے ہیں جبکہ ایک شرط صرف ٹرانزیکشنل ہے، اسکے باوجود ہمیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شوکت ترین نے توقع ظاہر کی ہے اگلے جائزہ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

Oil prices in international market

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت

Tabool ads will show in this div