سندھ ہائیکورٹ: الجنت رائل ریزیڈنسی کی مسماری کا حکم واپس

ایسوسی ایشن آف بلڈرزاینڈڈیولپرز(آباد) نے فیصلے کوخوش آئند قراردیدیا

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ’الجنت رائل ریزیڈنسی‘ کی مسماری کا حکم واپس لینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس طرح کے عدالتی فیصلوں سے معزز عدالتوں کے وقار میں اضافہ ہوگا۔

آباد کے چیئرمین محسن شیخانی، سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن، وائس چیئرمین الطاف ستار کانٹا والا اور آباد سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے الجنت رائل ریزیڈنسی کے اضافی حصے کی مسماری کا اپنا حکم واپس لینے اور عمارت کا اضافی حصہ مسمار کرنے سے روکنے کے حکم پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے کراچی کے بلڈرز، ڈیولپرز اور گھر خریدنے والوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔

آباد کے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں نسلہ ٹاور کی مسماری کے بعد بلڈرز، ڈیولپرز اور تعمیراتی شعبے سے منسلک کاروباری افراد مایوسی کا شکار تھے تاہم سندھ ہائیکورٹ کے الجنت رائل ریزیڈنسی کی مسماری کا حکم واپس لینے پر ان میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے، کسی بھی درخواست گزار کی ایماء پر عمارتیں گرانے سے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری سے گریز کرنے لگتے ہیں، جس سے  تعمیراتی شعبے کو نقصان پہنچتا ہے، اس کے انتہائی منفی اثرات ملکی معیشت پر  پڑنے لگتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گارڈن ویسٹ کے علاقے میں الجنت رائل ریزیڈنسی کیخلاف بھی غلط معلومات  پر مبنی درخواست دائر کی گئی تھی کہ اس عمارت کی منظوری گراؤنڈ پلس 6 فلور تک ہے جبکہ اسے گراؤنڈ پلس 8 تک تعمیر کیا گیا ہے، جس پر معزز عدالت نے 4 فروری 2022ء کو الجنت رائل ریزیڈنسی  کے اضافی حصے کی مسماری کا حکم جاری کیا تھا تاہم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے الجنت رائل ریزیڈنسی کا گراؤنڈ پلس 8 فلورکا نقشہ عدالت میں پیش کردیا ہے۔

منظور شدہ نقشہ کے ساتھ ایس بی سی اے نے الجنت رائل ریزیڈنسی کی قانونی تعمیرات سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی ہے، جس کے مطابق الجنت رائل ریزیڈنسی کو قانون کے مطابق تعمیر کی اجازت دی گئی ہے اور عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ عمارت زیرتعمیر ہے  اور گراؤنڈ پلس 8 فلور تک ہی اسٹرکچر تعمیر کیا گیا ہے۔

ایس بی سی اے کی رپورٹ پر سندھ ہائیکورٹ نے  اپنا حکم واپس لیتے ہوئے ایس بی سی اے کو الجنت رائل ریزیڈنسی کے اضافی حصے کی انہدامی کارروائی سے روک دیا ہے۔

آباد رہنماؤں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے اس فیصلے سے کراچی میں انویسٹمنٹ کرنیوالے سرمایہ کاروں کا عدالتی نظام پر اعتماد بڑھا ہے، جس کے ملکی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ معزز عدالتیں آئندہ بھی کراچی میں کسی بھی عمارت کیخلاف درخواست پر فیصلہ دینے سے قبل ایس بی سی اے یا متعلقہ اداروں سے عمارت کی قانونی حیثیت کی جانچ پڑتال کریں گی۔

SINDH HIGH COURT

کراچی

ASSOCIATION OF BUILDERS AND DEVELOPERS (ABAD)

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)

سندھ ہائیکورٹ

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div