کراچی:سندھ ہائیکورٹ میں رامسوامی میں غیرقانونی تعمیرات سےمتعلق جواب طلب
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کےعلاقے رامسوامی میں خطرناک تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے جہاں پر 60 گز کے پلاٹ پرغیر قانونی طور 6 منزلہ عمارت کھڑی کردی گئی۔
شہری محمد سلیم نےغیرقانونی تعمیرات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چھوٹے پلاٹ پر بڑی عمارت کی تعمیرات نے پڑوسیوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا اور اطراف کےگھروں میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سرسوتی کمپاؤنڈ رامسوامی پلاٹ نمبر 5/7 پرغیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں،درخواستیں دینےکے باوجود ایس بی سی اے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہیں کررہا ہے۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت سے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی۔

عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔عدالت نے 3 ہفتوں میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق جواب طلب کرلیا۔