یواےای کا کرونا سے متعلق پابندیاں بتدریج ختم کرنیکا اعلان

متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس وَبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کردہ پابندیوں کو بتدریج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یو اے ای نے یہ فیصلہ انفیکشن اور اسپتالوں میں داخل ہونے والے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر کیا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے نیشنل ایمرجنسی کرائسس مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ فروری کے وسط تک شاپنگ مالوں، دفاتر، ریستورانوں اور دوسرے عوامی مقامات کو زیادہ سے زیادہ صلاحیت اور گنجائش کے مطابق کام کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔
وام نے بدھ کو گذشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا وائرس کے 1538 نئے کیسوں اور چار اموات کی اطلاع دی ہے۔ اب تک یواے ای میں کرونا کے 8لاکھ 62ہزار514 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور اموات کی کل تعداد 2ہزار273 ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ یواے ای میں ویکسین لگانے کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔