گريٹر اقبال پارک کيس: ريمبو سمیت 4ملزمان کی ضمانت منظور
لاہور ہائیکورٹ نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کے الزام میں ریمبو سمیت گرفتار 4 ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمبو سمیت 4 ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں رہائی کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے ریمبو سمیت دیگر ملزموں کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
ریمبو سمیت دیگر ملزموں نے موقف اختیار کیا کہ گریٹر اقبال پارک مقدمہ کے شریک ملزموں کی ضمانتیں ہوگئی ہیں، پولیس نے دوران حراست کوئی چیز برآمد نہیں کی اور تاحال مقدمے کا چالان بھی پیش نہیں کرسکی ۔
ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ ملزموں سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ابھی تک ٹرائل شروع نہیں ہوا، ملزموں کو بلا جواز جیل ميں رکھنا مناسب نہیں اس لیے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے کاروائی کرتے ہوئے ریمبو سمیت چار ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ ملزمان پر 14 دن اگست کے گريٹر اقبال پارک لاہور میں خاتون ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے کا الزام ہے۔