ٹی ایل پی رہنما سعد رضوی رشتہ ازدواج میں منسلک
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کے نکاح کی تقریب جمعرات 3 فروری کو اٹک میں ہوئی۔
ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق نکاح ضلع اٹک کے آبائی گاؤں نکہ کلاں میں پڑھایا گیا۔ نکاح کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی۔ سعد رضوی کا نکاح مفتی منیب الرحمان نے پڑھایا۔ حق مہر کی رقم 11 ہزار روپے ادا کی گئی۔ تقریب ِنکاح کے موقع پر حافظ سعد حسین رضوی آبدیدہ ہوگئے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سعد رضوی کا نکاح ماموں کی صاحبزادی سے کیا گیا، جن کا تعلق اٹک کے علاقے نکہ کلاں سے ہے۔ نکاح کی تقریب میں قریبی عزیزوں، ٹی ایل پی کے قائدین، رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر حافظ عبد الستار سعیدی ، پیر سید ظہیر الحسن شاہ ، پیر عنایت الحق شاہ بھی موجود تھے۔ قائدین کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
نکاح کے موقع پر ٹی ایل پی کے نوجوان سربراہ حافظ سعد حسین رضوی نے نکاح کی تقریب میں سفید رنگ کا سوٹ اور کوٹ پہنا، جس کے ساتھ سر پر براؤن (کتھئی) رنگ کا عمامہ تھا۔
نکاح کا خطبہ صاحبزادہ حافظ انس حسین رضوی کی جانب سے دیا گیا۔ انس حسین رضوی تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی کے چھوٹے بھائی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کے ولیمے کی تقریب6 فروری بروز اتوار لاہور سبزہ زار اسٹڈیم میں ہوگی۔