کنگنارناوٹ کی ڈیلیٹ کی جانے والی پوسٹ نےمداحوں کوالجھادیا

خبرکی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی

کنگنا رناوٹ کبھی اپنے متنازع بیانات تو کبھی ساتھی ستاروں کے ساتھ چپقلش کی وجہ سے اکثروبیشترہی خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔

تازہ صورتحال میں ان کے مداح اس وقت سر کُھجاتے رہ گئے جب اداکارہ نے بھارتی سوپ سیریز کی ملکہ ایکتا کپورکے ایک رئیلٹی ٹی وی کی میزبانی کا اعلان کیا اور بعدازاں وہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

کنگنا نے سال 2019 میں ایکتا کے پروڈکشن ہاوس کے بینرتلے بننے والی فلم ' ججمنٹل ہے کیا' میں کام کیا تھا، ریلیزہونے تک بہت زیادہ تشہیر اور تنازعات کے باوجود اس فلم نے باکس آفس پر اوسط درجے کی کامیابی حاصل کی، حتیٰ کہ ایک صحافی کے ساتھ کنگنا کےجھگڑوں نے فلم میں ان کی کارکردگی سے زیادہ سرخیاں اورہیش ٹیگ حاصل کیے تھے۔

فلم کی تشہیرسے متعلق ایک پروگرام میں ایکتا بھی موجود تھیں جہاں کنگنا نے صحافی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ان کے خلاف 'کردارکشی' کی مہم چلارہا ہے،اس واقعہ کے بعد کئی صحافیوں کی طرف سے کنگنا کے خلاف پابندی کا مطالبہ کیا گیا جنہوں نے اداکارہ کو مزید کوریج نہ دینے کا عزم کیا۔

لیکن اب کنگنا کی پوسٹ کے بعد بظاہرایسالگتا ہےکہ پہلے پراجیکٹ میں تمام ترتنازعات کے باوجود ایکتا کپورپھرسےکنگنا کے ساتھ کام کررہی ہیں۔

گزشتہ روز کنگنا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریزمیں میں اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ایکتا کپور کے پراجیکٹ سے اپنے پہلے شو کی میزبانی کرنے جارہی ہیں، اس بات کی ایکتا کپور کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی لیکن کنگنا نے کچھ ہی دیر بعد اپنی پوسٹ کیوں ڈیلیٹ کی؟ اس بات نےسوشل میڈیا پرکئی سوالات کو جنم دیا۔

کنگنا جس رئیلٹی شو کا حوالہ دے رہی تھیں اس کا اعلان حال ہی میں آلٹ بالاجی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

بھارتی خبررساں ایجنسی اے این آئی نے بھی اس شوکی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکتا بھارت کے سب سے بڑے ریئلٹی شوکااعلان کرنے کے لیے پوری طرح تیارہیں،ناظرین نے پہلے کبھی اس طرح کا نان فکشن شونہیں دیکھاہوگا جس میں ناظرین نہ رکنے والے جوش و خروش اوربھرپورتوانائی سے لطف اندوزہوں گے۔

کوئین اور تنو ویڈزمنوریٹرنزجیسی کامیاب فلموں سے خود کومنوانے والی کنگنا کی حالیہ فلموں میں سے کسی نے بھی باکس آفس پر کامیابی حاصل نہیں کی۔

Kangna Ranaut

Ekta Kapoor

Tabool ads will show in this div