بھارتی شہری کو بھائی سے ملنے کیلئے پاکستانی ویزا جاری
پاکستان ہائی کمیشن نے کئی دہائیوں سے اپنے خاندان سے بچھڑے بھارتی شہری سکہ خان کو ویزا جاری کردیا۔ وہ کچھ عرصہ قبل 74 سال بعد اپنے بھائی سے کرتار پور میں ملے تھے۔
نئی دہلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن نے جمعہ کی شام ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ 1947ء میں اپنے خاندان سے جدا ہونیوالے سکہ خان کو ویزا جاری کردیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے بھائی محمد صدیق اور خاندان کے دیگر ارکان سے ملاقات کرسکیں۔
سکہ خان کی پاکستان میں موجود اپنے بھائی سے 74 سال بعد پہلی مرتبہ ملاقات حال ہی میں کرتار پور میں ملاقات ہوئی تھی۔
پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سکہ خان کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں وہ ویزا جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ ویڈیو میں انہیں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’ویزا مل گیا، میں بہت خوش ہوں، جاکر ملوں گا، شکریہ کہتا ہوں سب کو، اس کا شکریہ جس نے مجھے بھائیوں کے پاس بھیج دیا ہے‘۔
Today, Pakistan High Commission issues visa to Sika Khan to visit his brother, Muhammed Siddique and other family members in Pakistan. The two brothers separated in 1947 were recently reunited after 74 years at Kartarpur Sahib Corridor. pic.twitter.com/SAmkGmaQKT
— Pakistan High Commission India (@PakinIndia) January 28, 2022
اس سے قبل سکہ خان نے عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے میرا گاؤں ہی میرا خاندان ہے، اب میں پاکستان جانا چاہتا ہوں اور اپنے بھائی کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتا ہوں، مجھے اُمید ہے کہ پاکستان حکومت مجھے ویزا جاری کر دے گی۔
سکہ خان 1947ء میں اپنے والد اور بڑے بھائی سے اس وقت بچھڑ گئے تھے جب ان کے والد اور بھائی کو پھولے والا گاؤں جو بھارت کا حصہ بن گیا تھا کو چھوڑنا پڑگیا تھا، اس وقت سکہ خان کی عمر صرف 2 برس تھی جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ وہیں رہ گئے تھے، بعد میں ان کی والدہ نے اپنے شوہر یعنی سکہ خان کے والد کی موت کا سن کر خودکشی کرلی تھی۔