الیکشن کمیشن کاعلی امین گنڈاپورکیخلاف جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی انتخابات 13فروری کوہوں گے

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں وزیرامورکشمیرعلی امین گنڈاپور کی جانب سے مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا۔

 الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کیخلاف جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے علی امین گنڈا پور کیخلاف کیس کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور اورعمرامین گنڈاپور کو یکم فروری کو نوٹس جاری

کیا تھا، علی امین گنڈاپور کوڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرنے50ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا تاہم جرمانہ ادائیگی کے باوجود ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن بھجوایا گیا۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈاپور کے بھائی عمرامین گنڈاپور تحصیل میئر ڈی آئی خان کے امیدوار ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی انتخابات 13فروری کوہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے 18 اضلاع میں پولنگ 27مارچ کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 7سے 11فروری تک جمع کروائے جاسکیں گے جبکہ نتائج کا اعلان یکم اپریل کو کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کےخلاف اپیلیں 17 سے 19فروری تک دائرہوں گی، اپیلوں پر فیصلہ 22 فروری تک کیا جائے گا،کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہوگی اور  نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست 25 فروری کو ہی لگائی جائےگی۔

واضح رہے کہ 19 دسمبر کو پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا کے17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں حکمران جماعت تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Tabool ads will show in this div