شاہد آفریدی کا کوویڈ-19 ٹیسٹ پازیٹیو آگیا

کرکٹر نے خود کو قرنطینہ کرلیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کوویڈ-19 ٹیسٹ پازیٹیو آگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی کا کوویڈ ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے جس کے باعث انہوں نے خود کا 7 روز کیلئے قرنطینہ کرلیا ہے۔

شاہد آفریدی کو گزشتہ روز رشتہ دار کے انتقال کے باعث گھر بھیج دیا گیا تھا جبکہ بائیو ببل میں واپسی پر دوبارہ کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا۔

سابق آل راؤنڈر گھر میں ہی قرنطینہ مکمل کرینگے، جبکہ 7 روز بعد ٹیسٹ منفی آنے پر دوبارہ ہوٹل جوائن کرسکیں گے۔

دوسری جانب سابق کرکٹر کمر کی تکلیف کا بھی شکار ہیں، جس کے باعث انکی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹریننگ سیشن کے دوران شاہد آفریدی کو کمر کی تکلیف کی شکایت ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے آفریدی کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔

آفریدی نے 326 میچوں میں 154.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4ہزار 395 رنز بنائے ہیں جبکہ 344 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔

Tabool ads will show in this div